۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
دفتر قائد ملت جفریہ قم کی جانب سے ولایت عہدے سے ولی فقیہ تک کے عنوان پر سیمینار کا انعقاد

حوزہ/ ولادت باسعادت امام رضا علیہ السلام اور امام خمینی کی برسی کی مناسبت سے دفتر قائد ملت جعریہ قم کی جانب سے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ولادت باسعادت امام رضا علیہ السلام اور امام خمینی کی برسی کی مناسبت سے دفتر قائد ملت جعریہ قم کی جانب سے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانان خصوصی حجۃ الاسلام والمسلمین سید سبطین کاظمی آف لندن اور حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسین رضوی فرزند شہید آقا سید ضیاءالدین رضوی تھے۔ پروگرام کا آغا تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حجۃ الاسلام والمسلمین آقا شہزاد مطہری نے حاصل کی جبکہ برادر توکل شمسی نے خوبصورت انداز میں منقبت پیش کی۔ اسٹیج سیکٹری کے فرائض حجۃ الاسلام والمسلمین فیصل عسکری صاحب نے انجام دئے۔

سیمینار کے پہلے خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسین رضوی نے اپنے خطاب میں مختصر و مفید انداز میں گلگت بلتستان کی موجودہ صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے علاقے کے مسائل اور ان کا راہ حل بیان کیا اور دفتر قائد کا شکریہ ادا کیا۔ جس کے بعد حجۃ الاسلام والمسلمین سید سبطین کاظمی صاحب نے شرکاء سے تفصیلی خطاب کیا اور مختلف موضوعات پر شرکاء کو مستفید فرمایا۔ انہوں نے امام خمینی کی شخصیت و افکار سمیت اوائل انقلاب کی صورت حال بیان کی. سیمینار کے آخر میں مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ قم حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید ظفر علی شاہ صاحب نے امام علی ابن موسی الرضا اور امام خمینی کے متعلق مختصر خطاب کیا. انہوں نے کہا کہ امام رضا نے ولی عہدی قبول کرکے ایک طرف مکتب تشیع کا دفاع کیا تو دوسری طرف طاغوتی نظام کو رد کردیا. مدیر دفتر قائد نے مہمانان گرامی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

پروگرام کے آخر میں بھارت میں ہونے والی توہین رسالت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور ناموس رسالت کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کا اعلان کیا گیا۔ حکومت پاکستان، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ توہین رسالت کے مرتکب بی جے پی رہنما کو کڑی سے کڑی سزا دینے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ آئندہ کوئی نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی شان میں گستاخی کی جرات نہ کرسکے۔ پروگرام کے دوران سندھ سے تعلق رکھنے والے طالب علم شکیل احمد کی ناگھانی موت کی خبر پہنچی تو دفتر قائد کی جانب سے تعزیت و تسلیت پیش کی گئی، مرحوم کے درجات کی بلندی اور ان کی اہلیہ و بچی کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی.

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .